Tuesday, August 4, 2009

Different Accident and Incident

کراچی، شہر میں پیر کو مختلف حادثات اور واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 مبینہ ڈاکو وں اور 2 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے میں سفاری پارک کے عقب میں باہمی تنازعے کے دوران جھگڑے میں 45 سالہ آفتاب گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے کا تعلق نوشہرہ فیروز سے بتایا جاتا ہے جس کی لاش پوسٹ مارٹم کےلئے جناح اسپتال لائی گئی۔ شادمان کے علاقے میں شاپنگ سینٹر کے قریب ہوٹل میں داخل ہونے والے 50 سالہ اسلم ولد روشن دین پراسرار انداز میں اچانک گر کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کےلئے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ نورجہاں پولیس اسٹیشن کی حدود میں ڈکیتی کے دوران پولیس مقابلہ میں مبینہ ملزم 30 سالہ یامین گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ اس کے دو مبینہ ساتھی 20 سالہ آصف اور 20 سالہ وسیم فرار ہوتے ہوئے مکان کی چھتوں سے گر کر زخمی ہوگئے۔ زخمی ڈاکووں کو علاج کےلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ ناگن چورنگی پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 25 سالہ وسیم اور اس کی ساتھی 20 سالہ لڑکی گر کر زخمی ہوگئے جن کو علاج کےلئے عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔ طارق روڈ کے علاقے میں لبرٹی چوک کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے 17 سالہ دوشیزہ نغمہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوگئی جسے علاج کےلئے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں مکان کی چھت سے گر کر 11 سالہ یاسر زخمی ہوگیا۔ شارع فیصل پر ناتھا خان پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث 25 سالہ موٹر سائیکل سوار ارسلان زخمی ہوا۔ اسی علاقے میں تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے 22 سالہ عاطف زخمی ہوگیا۔ نیپا چورنگی کے قریب 24 سالہ انور تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوگیا۔ سہراب کے گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ صفدر اور 22 سالہ اکبر زخمی ہوگئے۔ پرانا ایئرپورٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 25 سالہ ناظم زخمی ہوا۔ ماری پور کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی نے راہگیر 30 سالہ ظفر کو زخمی کرڈالا۔ بلدیہ کے علاقے میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے 18 سالہ تاج محمد زخمی ہوا۔