Wednesday, August 12, 2009
CM SINDH
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں یونین کونسل کی سطح پر غربت کے خاتمے کے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ یونین کونسل کی سطح پر گوٹھوں میں بسنے والے غریب اور ضرورتمند افراد کو رہنمائی امداد فراہم کرنے کے منصوبے پر سچائی اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ منصوبے کے تحت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مالی امداد و قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کیلئے ملازمت کے مواقع بھی پیدا کئے جائیںگے۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت دو اضلاع میں مقرر کردہ ہدف حاصل کیا جائے جبکہ صوبہ کے مزید چار اضلاع جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین اور خیرپورکو اس پروجیکٹ میں شامل کیا جائے۔ پروگرام کے انچارج عبدالعزیز عقیلی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یہ پروجیکٹ دو اضلاع شکارپور اور کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں شروع کیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع شکارپور کی 50 یو سیز اور ضلع کشمور ائٹ کندھ کوٹ کی 37 یوسیز کے مجموعی طور پر 257,988 افراد اس پروگرام سے مستفید ہوئے ہیں جبکہ ان 87 یوسیز میں 4200 ولیج آگنائیزیشن بنائی گئی ہیں جس سے 84000 غریب خاندانوں کو سوشل موبلائیزیشن کے ذریعے منظم کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 7.19 ملین روپے رضاکار تنظیموں میں 7161 روپے فی کس کے حساب سے 1004 خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔کمیونٹی انویسٹمنٹ فنڈ کے علاوہ ولیج آگنائیزیشن کے تعاون سے قائم فنڈ سے بغیر سود کے قرضے بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 65.3 ملین روپے 5036 خاندانوں میں فی کس 12996 روپے کے حساب سے تقسیم کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ولیج آگنائیزیشنس باالخصوص خواتین کیلئے مختلف قسم کی تربیت کے پروگرام شروع کئے گئے ہیں اور اس وقت تک 35 فیصد حدف حاصل کیا گیا ہے۔ پروجیکٹ کے تحت 21,000 ہزار افراد کو تربیت دی جائے گی جس میں سے فروری سے جولائی تک 4478 کا ہدف مقرر تھا جس میں سے 1984 افراد کو ووکیشنل ٹریننگ دی گئی ہے ، جس کے ذریعے سی سی بلاک ، کھلے اور بند نالے، سائیڈوں کیلئے اینٹوں اور آر سی سی کی تعمیر، لیٹرن، واٹر ٹینک کے ساتھ ہینڈ پمپ سمیت گوٹھوں کی ترقی اور غیر فعال سرکاری منصوبوں وغیرہ کی تعمیر نو شامل ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں 442 تربیت یافتہ مزدوروں کی روزانہ کی کمائی177,800 روپے اور 7091 غیر تربیت یافتہ مزدوروں کی روزانہ کمائی 1,428,200 روپے کا انتظام کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کام کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں یونین کونسلوں کی سطح پر غربت کم کرنے اور انتطامات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے سیکریٹری سید سہیل اکبر شاہ،صوبائی سیکریٹری خزانہ فضل اﷲ پیچوہو، شکارپور اور کشمور ائٹ کنڈھ کوٹ کے ڈی سی اوز، اسپیشل سیکریٹری خزانہ ناہید شاہ درانی اور دیگر نے شرکت کی۔