Friday, August 7, 2009
MQM & PPP DISPUTE
کراچی ، پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے مابین تنازعات کا حل تقریباً حتمی شکل پاچکا ہے۔ جمعہ کو کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم اعلان متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں تمام معاملات پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا اور ایم کیو ایم کی تجاویز اور ان کے تحفظات وخدشات پر بھی بات ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے سابقہ موقف کو ہی دہرایا کہ اگر نوٹیفکیشن واپس لیا گیا تو دیگر اضلاع سے بھی اس طرح کے مطالبات آسکتے ہیں اور اگر صرف کراچی کو استثنیٰ دیا گیا تو دیگر اضلاع کے لوگ بھی عدالتوں میں جاسکتے ہیں جس سے حکومت کےلئے مسائل پیدا ہونگے۔ ایم کیو ایم جن زمینوں کو لیز کرنا چاہتی ہے وہ تمام کیسز وزیراعلیٰ سندھ کو بھیج دیں اور کیس ٹو کیس جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہے جن کی مجموعی رقم 28 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے مابین جمعرات کو ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں معاملات حتمی شکل پاگئے تھے اور ڈرافٹ کی تیاری ہورہی تھی کہ اچانک بلوچستان کے صوبائی وزیر ایکسائز وٹیسکیشن رستم جمالی کے قتل کی اطلاع ملی جس کے باعث باقی معاملات کو کل (جمعہ) تک کےلئے موخر کرکے اجلاس ختم کردیا گیا۔