Wednesday, August 5, 2009
SC Issue
کراچی، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے تحت پی سی او ججز برقرار رہیں گے۔ نئی ججز کی تقرریاں مشاورت کے بعد کی جائیں گی۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار بدھ کو سندھ ہائی کورٹ بار کی دعوت پر افتخار ہال میں وکلاءسے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جناب جسٹس مشیر عالم اور جناب جسٹس خلجی عارف حسین سمیت دیگر جج صاحبان بھی موجود تھے۔ جناب جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی بحالی وکلاءاور عوام کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کے باعث عمل میں آئی۔ ان عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءاور ججز کو ماضی بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمارا مقصد ماضی کی قربانیاں فراموش کرنا نہیں بلکہ عوام کو جلد اور سستا انصاف فراہم کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر جسٹس (ر) رشید اے رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 32ماہ میں پہلی مرتبہ بار کے تحت کسی موجود جج کو خطاب کےلئے مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءکی عظیم جدوجہد ان کے اتحاد اور جذبے کی بدولت کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ رشید اے رضوی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے جج جناب جسٹس مشیر عالم اور جناب جسٹس مقبول باقر اپنی غیر فعالی کے دوران ہائی کورٹ آئے تھے تو وکلاءنے اس وقت بھی یہی کہا تھا کہ پی سی او ججز کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور وکلاءآج بھی کہتے ہیں کہ پی سی او ججز انہیں کسی صورت قبول نہیں۔