Wednesday, August 5, 2009
Crime and Accident Report
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں مختلف واقعات کے دوران باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ معمر شخص سمیت 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دھوبی گھاٹ کے علاقے نیازی گوٹھ میں گھر کے اندر سوئے باپ بیٹے پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بیٹا 20سالہ ہمایوں اور باپ 60سالہ قیوم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا اور وہ روزگا ر کے سلسلے میں یہاں مقیم تھے۔ لاشوں کو ضروری کاروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر سیف اللہ گوٹھ کے رہائشی محمد اسلم کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ بھینس کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2سیکیورٹی گارڈ 30سالہ فیصل اور 45سالہ سالہ جلال الدین زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ لانڈھی کے علاقے شیر پاو کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر چھری کے وار سے 40سالہ جمعہ خان ولد بائی خان زخمی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ سہراب گوٹھ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 65سالہ راہ گیر زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔